Home / نیوز / دورہ پاکستان، ناز نخرے دکھا کر سری لنکا ’’ہاں‘‘ کہنے کے قریب

دورہ پاکستان، ناز نخرے دکھا کر سری لنکا ’’ہاں‘‘ کہنے کے قریب

30 سالہ خانہ جنگی کے باوجود پاکستانی ٹیمیں ہمارے ملک کا دورہ کرتی رہیں،اب سری لنکنزکوبھی مدد کرنا چاہیے،سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

کراچی /  لاہور: ناز نخرے دکھا کرسری لنکا دورئہ پاکستان کیلیے’’ہاں‘‘ کہنے کے قریب پہنچ گیا۔

سری لنکا کی جانب سے پاکستان کے ٹور سے متعلق مثبت اشارے ملنے لگے ہیں، ایک روز قبل ایس ایل سی کی جانب سے رمیش رتنائیکے کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اب سیکریٹری بورڈ موہن ڈی سلوا نے بھی ٹور طے شدہ پروگرام کے تحت ہونے کی امیدظاہر کردی ہے،وہ پاکستانی سیکیورٹی انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں تاہم بورڈ کو وزارت دفاع کی جانب سے کلیئرنس کا انتظار ہے، جسے گذشتہ ہفتے پاکستان میں ٹیم پر ممکنہ دہشتگرد حملے کے خطرے سے متعلق تحقیقات کیلیے خط لکھا گیا تھا۔

موہن ڈی سلوا نے کہاکہ گذشتہ ماہ میں نے خود پاکستان کا دورہ کیا تھا، سیکیورٹی کنسلٹنٹ بھی ہمراہ تھے، ہم وہاں پر ٹور کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔انھوں نے ہمیں یہ یقین دہانی کرائی کہ جو سیکیورٹی سربراہ مملکت کو ملتی ہے وہی ہمارے کھلاڑیوں کو بھی دی جائے گی۔

یاد رہے کہ 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے آئی لینڈرز کو 25 ستمبر کو پاکستان جانا ہے، اس ٹور کے انتظامات کافی پہلے ہوچکے تھے مگر سری لنکن وزیراعظم آفس کی جانب سے بورڈ کو پاکستان کی سیکیورٹی کے دوبارہ جائزے کی ہدایت کردی گئی تھی۔

بورڈ نے نئی اطلاعات کے باوجود ٹور منسوخ کرنے کے بجائے حکومت سے ہی میزبان ملک کی سیکیورٹی کے معائنے اور حتمی فیصلے کی درخواست کی تھی۔ بورڈ پہلے ہی ٹور کیلیے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 اسکواڈز کا اعلان کرچکا ہے۔

ادھر سابق سری لنکن ورلڈ کپ فاتح کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے بھی بورڈ پر دورئہ پاکستان کیلیے زور ڈالا ہے، انھوں نے کہا  کہ جب ہمارا ملک 30 سال تک خانہ جنگی کا شکار رہا تب پاکستان کی ٹیمیں یہاں کا ٹور کرتی تہیں، ہمیں بھی اب ان کی مدد کرنا چاہیے، بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ہمارے کرکٹ بورڈ میں اتنادم خم موجود نہیں کہ وہ اہم فیصلے لے سکے۔  دوسری جانب پی سی بی نے پاک سری لنکا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ٹکٹوں کی قیمتوں اور فروخت کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز جمعے سے ہوگا، صارفین www.yayvo.com سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، مقامی کوریئر کمپنی کے مراکز پر ٹکٹوں کی فروخت 21 ستمبر سے شروع ہوجائے گی، 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی میں شیڈول ون ڈے سیریز کیلیے ٹکٹوں کی قیمت 500سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے، اقبال قاسم، نسیم الغنی، وسیم باری، محمد برادرز اور انتخاب عالم انکلوژرزکے ٹکٹ کی قیمت500، آصف اقبال، وقار حسن اور ماجد خان انکلوژرز کی قیمت 1000روپے مقرر کردی گئی ہے۔

قائد، وسیم اکرم، عمران خان اور ظہیر عباس انکلوژرز کے ٹکٹ2000 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گے، حنیف محمد، جاوید میانداد اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 3000 روپے رکھی گئی ہے۔ لاہور میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچز میں انضمام الحق، نذر محمد، قائد ، امتیاز احمد، ظہیرعباس، حنیف محمد، ماجد خان، عبدالقادر، سعید احمد اور سرفراز نواز انکلوژرز کا ٹکٹ 500 روپے میں ملے گا۔

عبدالحفیظ کاردار، راجاز، جاوید میانداد اور سعید انور انکلوژرز کا ٹکٹ 1500 روپے میں دستیاب ہوگا، عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹ 3000جبکہ وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کے ٹکٹ5000 روپے میں ملیں گے۔شائقین کرکٹ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 5 ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

پی سی بی نے اپنے شراکت دار کے تعاون سے ٹکٹ کی تیاری میں ایک مخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جس کی وجہ اسے دوبارہ تیار کرنا ممکن نہیں، صرف اصل ٹکٹ رکھنے والے شائقین ہی اسٹیڈیم میں داخل ہوپائیں گے۔

Check Also

نیب میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی امداد کے خلاف شعبہ قائم

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہیڈکوارٹرزمیں اینٹی منی لانڈرنگ اور کمبیٹنگ دی فنانسنگ آف ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *