تازہ ترین خبریں
Home / بزنس / سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) لاہور چیمبر میں ایک سہولیاتی ڈیسک قائم کرے گا

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) لاہور چیمبر میں ایک سہولیاتی ڈیسک قائم کرے گا

 

لاہور، ) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) لاہور چیمبر میں ایک سہولیاتی ڈیسک قائم کرے گاجس کی سربراہی نائب صدر ذیشان خلیل کریں گے جبکہ لاہور چیمبر ایس این جی پی ایل سے مسلسل رابطے کے لیے فوکل پرسن کا تقرر عمل میں لائے گا۔ یہ فیصلے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور ایم ڈی ایس این جی پی ایل امجد لطیف کے درمیان لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیے گئے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، امجد علی جاوا، طاہرمنظور چودھری، محمد ارشد چودھری، ادیب اقبال شیخ، رضوان اختر شمسی اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تاجروں کے گیس سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس میں لاہور چیمبر کے نائب صدر ذیشان خلیل، طاہر منظور چودھری ، محمد ارشد چودھری، ادیب اقبال شیخ اور میاں محمد نواز شامل ہونگے۔ ایم ڈی ایس این جی پی ایل امجد لطیف نے کہا کہ لاہور چیمبر میں سہولیات ڈیسک کا قیام اور فوکل پرسن کا تقرر تاجروں کے مسائل جلد حل کرنے میں مددگار ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل و رہائشی سوسائٹیوں کے لیے گیس کنکشن اوپن ہیں کیونکہ آر ایل این جی کی آمد کے بعد صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، نئے کنکشن کے لیے تمام کیسز پراسیس کیے جاچکے ہیں، چھوٹے موٹے مسائل آڑے آرہے ہیں جنہیں حل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس لاسز میں کمی آرہی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ جن انڈسٹریز کو عارضی طور پر سوئی گیس سے آر ایل این جی پر منتقل کیا گیا تھا انہیں واپس سوئی گیس پر شفٹ کیا جائے کیونکہ آر ایل این جی قدرتی گیس کی نسبت 122فیصد مہنگی ہے جس کی وجہ سے صنعتوں کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان صنعتوں کو پچیس فیصد سبسڈی دے جو آر ایل این جی بطور ایندھن استعمال کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کمرشل کنکشن کسی وجہ سے منقطع ہوگئے یا خود کروادئیے گئے ان کی بحالی پر نئے کے بجائے پرانا ٹیرف ہی عائد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں گیس کا مختلف ٹیرف پریشانیاں پیدا کررہا ہے اور صنعتوں کو اندرون ملک ہی مسابقت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جاکر حل کیا جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایس این جی پی ایل کا عملہ صنعتوں کے گیس کنکشن بغیر نوٹس کاٹ دیتا ہے، پہلے نوٹس ضرور دیا جائے تاکہ اگر صنعتوں کے کوئی واجبات ہیں تو وہ ادا کرکے کنکشن کٹنے سے بچاسکیں۔ انہوں نے قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ اور دیگر صنعتی علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا

Check Also

پی آئی اے نے برسوں سے رائج امریکن سسٹم سیبر کو خیر باد کہہ دیا

کراچی:  پی آئی اے انتظامیہ نے برسوں سے رائج امریکن ایئرٹکٹنگ، بورڈنگ اور ریزرویشن سسٹم ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *