Home / جرائم / کراچی: پولیس کی مبینہ فائرنگ سے بچہ ہلاک، مقتول کے والد نے ایف آئی آر مسترد کردی

کراچی: پولیس کی مبینہ فائرنگ سے بچہ ہلاک، مقتول کے والد نے ایف آئی آر مسترد کردی

 

 

 

کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ڈیڑھ سالہ احسن کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا جب کہ مقتول کے والد نے ایف آئی آر مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شیر خوار احسن کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں کیا گیا جس کے مطابق بچے کو دائیں جانب سے سینے میں گولی لگی جو بائیں جانب کمر سے پار ہوگئی۔

بچے کو لگنے والی گولی اس کے والد کو بھی چھو کر گزری، واقعے کا مقدمہ بچے کے والد کی مدعیت میں سچل تھانے میں چار نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جس میں اقدامِ قتل اور قتلِ خطا کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

اس حوالے سے احسن کے والد کاشف راجہ کا کہنا تھا کہ ‘واقعے کا مقدمہ مرضی کے مطابق درج نہیں کیا گیا بلکہ تھانے میں بلوا کر کہا گیا کہ مقدمے پر دستخط کردیں، ہمیں نہیں معلوم ایف آئی آر میں کیا لکھا گیا ہے’۔

مقتول احسن کے والد کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ہمارے بچے کی جان گئی لیکن زیر حراست پولیس اہلکاروں کے بارے میں ہمیں کچھ نہیں بتایا گیا، پولیس اپنے اہلکاروں کو بچانے کے لیے حقیقت چھپا رہی ہے۔

مقتول احسن کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کے سامنے پولیس والوں نے فائرنگ کی، وہاں کوئی مقابلہ نہیں ہورہا تھا۔

پولیس ایف آئی آر 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی ہے جس میں اقدام قتل اور قتل خطا کی دفعات شامل ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں سچل تھانے کے 4 اہلکار گرفتار ہیں اور براہ راست فائرنگ پولیس کانسٹیبل امجد نے سرکاری چھوٹے ہتھیار سے کی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کا کہنا ہے کہ ملزم امجد کے دیگر ساتھی صمد، خالد اور پیارو بھی گرفتار ہیں جن کے پاس موجود اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے اور چاروں اہلکاروں کا عدالت سے ریمانڈ لیا جائےگا۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ غلطی پولیس کی ہو تو تحقیقات سول سوسائٹی یا ریٹائرڈ بیورو کریٹ کو کرنی چاہیے۔

Check Also

پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، رانا ثنا اللہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پوری قوم نواز شریف ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *