Home / شوبز / کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے فنکاربھی میدان میں آگئے

کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے فنکاربھی میدان میں آگئے

کراچی: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعے کے روز کشمیر آور منانے کے لیے شوبز فنکار بھی میدان میں آگئے۔

وزیراعظم پاکستان نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کل جمعے کے روز پورے ملک میں کشمیر آور منانے کا اعلان کیا ہے۔کشمیر آور کل 12 بجے سے شروع ہوکر ساڑھے 12 بجے تک جاری رہے گا جس کے دوران پاکستان اور کشمیر کا قومی ترانہ بجایاجائے گا۔  ترانہ بجانے کے دوران 12 بجے سے لے کر 12 بج کر 5 منٹ تک تمام گاڑیاں اور عوام کھڑے ہوکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

جمعے کے روز جہاں پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی وہیں شوبز سے وابستہ فنکاروں نے بھی کل کشمیر آور منانے کا اعلان کیا ہے اور لوگوں سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گھروں سے نکلنے کی درخواست کی ہے۔

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں وزیراعظم کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمعے کو 12 بجے لبرٹی راؤنڈ اباؤٹ میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت دینے کے لیے آئیں گی۔ انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی ہے کہ سب لوگ ان  کا ساتھ دیں۔

گلوکار شہزاد رائے نے بھی ٹوئٹر پرکشمیر آور منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کراچی میں ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کی 2500 طالبات کے ساتھ کشمیر آور منائیں گے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کے ساتھ شامل ہوں۔ اس کے ساتھ وہ 6 ستمبر کو شہدا کے ورثا سے ملاقات کریں گے اور بہت جلد ایل او سی کا دورہ بھی کریں گے۔

نامور پاکستانی گلوکار، اداکار اورمیزبان فخر عالم نے بھی جمعے کے روز کشمیر آور منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو یاد دلائیں کہ ہمیں انسانی تکالیف کے دوران خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ جب کہ اداکار فیصل قریشی نے فخر عالم کا ٹویٹ ری ٹویٹ کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔

Check Also

وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بحال کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو بحال کردیا. اسلام آباد ہائی ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *