Home / کالم / ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام ہفتہ چار اگست دو ہزار اٹھارہ کو بحریہ ٹاؤن، فیز سکس میں

ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام ہفتہ چار اگست دو ہزار اٹھارہ کو بحریہ ٹاؤن، فیز سکس میں

ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام ہفتہ چار اگست دو ہزار اٹھارہ کو

بحریہ ٹاؤن، فیز سکس میں ایک ادبی سیشن منعقد کیا گیا ۔ اس سیشن کی صدارت اردو شاعری کے معتبر شاعر نصیر احمد ناصر نے کی ۔ اس ادبی سیشن کے انعقاد کا مقصد ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی ان قلم کار خواتین کو، جو شاعری میں دلچسپی رکھتی ہیں، ایک تربیتی نشست فراہم کرنا تھا جس میں شاعری کا پس منظر، مختلف اصناف اور بنیادی تکنیک سے روشناس کروانا، نظم اور غزل کے فرق کے علاوہ آزاد اور نثری نظم کے مابین فرق کو واضح کرنا اور شاعری کی دیگر خصوصیات سے متعارف کروانا تھا ۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت آبرو نبیلہ اقبال نے حاصل کی ۔ نرگس شاد نے گلہائے عقیدت بحضور سرورِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ نظامت کے فرائض ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی جنرل سیکرٹری صفیہ شاہد نے سر انجام دیے ۔
نصیر احمد ناصر نے شاعری کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور شاعری کی بنیادوں تکنیک پر بات کی ۔ انہوں نے نظم اور غزل میں فرق اور آزاد اور نثری نظم میں فرق بھی بیان کیا ۔ انہوں نے نو آموز لکھاریوں سے کہا کہ ‘کسی بھی صنف میں کمال حاصل کرنے کے لیے سب سے ضروری شے مشق ہے ۔ جوں جوں مشق کرتے جائیں گے، تخلیق میں نکھار پیدا ہوتا جائے گا ۔’ اس دوران وہ گاہے بگاہے حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیتے رہے ۔ بعد ازاں حاضرین کے پرزور اصرار پر انہوں نے اپنی دو غزلیں اور ایک نظم بھی پیش کی جس پر محفل واہ واہ کی صداؤں سے گونج اٹھی ۔
فورم کی صدر فرحین خالد نے مہمانان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ فورم کی کوفاوُنڈر رابعہ بصری نے بھی مہمانانِ گرامی اور حاضرین کی آمد پر تشکر آمیز کلمات ادا کئے اور فورم کی صدر فرحین خالد کو ایک بہترین ادبی سیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔
اس سیشن کے اختتام پر نصیر احمد ناصر نے ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کے مختلف ممبران میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے ۔ ‘سب سے متحرک ممبر’ برائے سہ ماہی مارچ تا مئی کا انعام عروج احمد جبکہ ‘سب سے متحرک ممبر’ برائے سہ ماہی جون تا اگست صفیہ شاہد نے حاصل کیا ۔ ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کے دوسرے بک کلب میں منقعدہ ایک مقابلہ جس میں معروف نثر نگار محمد ہاشم خان کے افسانے پر جو تبصرے موصول ہوئے ان کے (اسلام آباد میں مقیم) انعام یافتہ ممبران عروج احمد اور طاہرہ غفور کو بھی اسناد سے نوازا گیا ۔
پروگرام کے آخر میں ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی جانب سے کوفاوُنڈر اسلام آباد چیپٹر رابعہ بصری نے نصیر احمد ناصر کو فورم کی اعزازی شیلڈ پیش کی ۔
دو گھنٹے پر محیط اس ادبی سیشن میں فورم کی کوفاوُنڈر رابعہ بصری، صدر فرحین خالد، جنرل سیکرٹری صفیہ شاہد، میڈیا ہیڈ عروج احمد، ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی مستعد و مستند ممبران نرگس شاد، آئزہ اصف، رابعہ نثار، آبرو نبیلہ اقبال، رضوانہ نور، ظل ہما، نوثیقہ سید، فاطمہ عثمان، معافیہ شیخ، سدرہ شیخ، شفا سجاد، نوشین اسلام، طاہرہ غفور کے علاوہ مقامی شاعر فقیر سائیں، کرنل (ریٹائرڈ) عمر، اریبہ شاہد اور مصباح شاہد نے بھی شرکت کی ۔

رپورٹ : رابعہ بصری، عروج احمد

Check Also

نور محمدی ﷺ

    نور محمدی ﷺ کالم : بزمِ درویش تحریر:پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی ای میل: ...

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *